Monday, 31 October 2016

بھوپال انکاؤنٹر :سپریم کورٹ کے ذریعہ تحقیقات کرانے صدر مجلس کامطالبہ

بھوپال انکاؤنٹر :سپریم کورٹ کے ذریعہ تحقیقات کرانے صدر مجلس کامطالبہ



صدر مجلس ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹراسدالدین اویسی نے بھوپال میں ہوئے انکاؤنٹر کی سپریم کورٹ کے ذریعہ تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹراویسی نے انکاؤنٹر سے متعلق بھوپال پولیس کے دعوؤں پر کئی سوال اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مہلوک نوجوانوں کے پیروں پر جوتے پائے گئے۔ ہاتھ میں گھڑی تھی جبکہ جیل میں نہ تو کوئی جوتا پہن سکتا ہے اور نہ ہی گھڑی لگاسکتا ہے۔ بیرسٹراویسی نے کہاکہ ہائی سکیورٹی والی جیل سے فراری کے بعد دس کیلومیٹر کے اندر زیردوراں قیدیوں کا انکاؤنٹر کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس یہ کہتی ہے کہ مہلوک قیدیوں کے پاس صرف چمچے تھے ۔ سوال یہ ہے کہ صرف چمچے رکھنے والوں کا انکاؤنٹر کرنے کی کیا ضرورت تھی ۔ انہیں قابو میں کرکے عدالت میں کیوں پیش نہیں کیاگیا۔ بیرسٹراویسی نے مطالبہ کیاکہ دہشت گردی سے جڑے تمام مقدمات کی تحقیقات وقت کا تعین کرکے کی جائے ورنہ نقلی انکاؤنٹر کے واقعات پیش آتے رہیں گے۔
ترکی: ناکام فوجی بغاوت کے بعد حکومت کا کریک ڈاون جاری

ترکی: ناکام فوجی بغاوت کے بعد حکومت کا کریک ڈاون جاری



ترکی میں جولائی کے مہینہ کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد حکومت کا کریک ڈاون جاری ہے ۔ پولیس نے ایک اپوزیشن اخبار جمہوریت کے ایڈیٹر انچیف کو کئی اسٹاف ممبرس کے ساتھ گرفار کرلیا ہے ۔ ان لوگوں کو ان کے گھروں پر چھاپے مارکر گرفتار کیا گیا۔ ایسا الزام ہے کہ ان کے تعلقات امریکہ میں رہنے والے اسکالر فتح اللہ گولن سے ہے جنہیں ترکی کی حکومت نے ناکام بغاوت کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ ترکی کی حکومت نے گولن تحریک سے تعلق کے شبہ میں ہزاروں کمپنیوں اور اداروں کو بند کردیا ہے اور ہزاروں لوگوں کو نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے اور بے شمار کو گرفتار کیا ہے ۔ ایک دن پہلے خبر آئی تھی کہ ترکی نے گولن سے تعلق کے شبہ میں مزید دس ہزار سرکاری عہدیداروں کوبرطرف کیا اور تقریباً پندرہ میڈیا اداروں کو بند کردیا ۔ ایک رپورٹ کے مطابق اب تک بغاوت کے بعد سے ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کو یا تو برطرف کیا گیا ہے یا سسپنڈ کیا گیا ہے اور سینتیس ہزار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ سرکاری مشنری سے گولن نیٹ ورک کا خاتمہ ضروری ہے ۔
پاکستانی فوج کی فائرنگ میں ایک فوجی جوان اور سیویلین خاتون ہلاک

پاکستانی فوج کی فائرنگ میں ایک فوجی جوان اور سیویلین خاتون ہلاک



جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر پاکستانی شلباری میں ایک فوجی جوان اور ایک عورت ہلاک ہوگئی۔ فوجی عہدیداروں نے بتایا کہ اس واقعہ میں یک دوسری عورت بری طرح زخمی ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ سیکٹر میں یہ جوان ہلاک ہوا ۔ قریبی میندھر سیکٹر میں دو عورتیں زخمی ہوئی تھیں جن میں سے ایک کی بعد میں موت ہوگئی۔ پاکستانی سپاہیوں نے پیر کی صبح سے شلباری شروع کردی ۔ بتایا گیا کہ فوج فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور آخری خبریں ملنے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا ۔
کشمیر: وادی میں پچیس تعلیمی ادارے آگ کی نذر

کشمیر: وادی میں پچیس تعلیمی ادارے آگ کی نذر



 وادی کشمیر کے بی جے پی کے لیڈر الطاف ٹھاکر نے بتایاہے کہ آج تک وادی میں پچیس تعلیمی اداروں کو آگ کی نذرکیاجاچکا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک بزدلانہ حرکت اور اسے لفظوں میں بیان نہیں کیاجاسکتا۔ان کا کہناتھا کہ جو بھی اسکول جلانے میں ملوث ہیں ان کی جائیداد کو قرق کرتے ہوئے نئے تعلیمی ادارے بنائے جائیں ۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر مصطفی کمال نے بھی تعلیمی اداروں کو جلائے جانے کے عمل کی مذمت کی ہے۔ ان کاکہناتھا کہ اس طرح کے شرمناک کاروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔
کشمیر میں آج ایک سوپندرویں دن بھی عام زندگی مفلوج

کشمیر میں آج ایک سوپندرویں دن بھی عام زندگی مفلوج



وادی کشمیر میں آج ایک سوپندرویں دن بھی عام زندگی مفلوج ہی دیکھی گئی۔ علیحدگی پسندتنظیموں نے اپنے احتجاج اور ہڑتال کو تین نومبر تک توسیع دے دی ہے۔ وادی میں آج بھی تعلیمی اورکاروباری ادارے بند دیکھے گئے۔ واضح رہے کہ آٹھ جولائی کو حزب المجاہدین کے کارکن برہانی وانی کی انکاونٹر میں ہلاکت کے بعد وادی میں تشدد پھو ٹ پڑا تھا۔ نوے سے زائد افراد پولیس کی کاروائی میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔ وادی کی سڑکوں پر خانگی گاڑیاں ہی دیکھی گئیں۔ بعض چھوٹے ٹھیلہ بنڈی والوں کو بعض مقامات پر دیکھاگیا۔و ادی میں کہیں بھی کرفیو نہیں ہے لیکن امتناعی احکامات پر سختی سے عمل کیاجارہاہے۔
عدلیہ میں انتظامیہ کی مداخلت نہیں ہونی چاہئے

عدلیہ میں انتظامیہ کی مداخلت نہیں ہونی چاہئے



دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا ہے کہ عدلیہ میں انتظامیہ کی مداخلت نہیں ہونی چاہئے ۔ دہلی ہائی کورٹ کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ انہوں نے بعض ججس کو بات کرتے ہوئے سنا تھا کہ فون پر بات نہ کی جائے کیونکہ فون ٹیپ ہوتے ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ عدلیہ پر انتظامیہ کی اثر اندازی سے عدالتی نظام کی کارروائی بھی متاثر ہوتی ہے ۔
عدلیہ کو آج کئی چیالنجس کا سامنا

عدلیہ کو آج کئی چیالنجس کا سامنا



وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ ملک میں عدلیہ کو کئی چیالنجس کا سامناہے۔ دہلی ہائی کور ٹ کی پچاسیوں سالگرہ کے موقع پر ججس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے عدلیہ کو درپیش چیالنجس سے مشترکہ طورپر نمٹنے پر زوردیاہے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ بھلے ہی عدلیہ کو آج کئی چیالنجس کا سامنا ہے لیکن ہمیں اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرناچاہیے۔ اور اگر ہم مل کر کام کرتے ہیں تواسے ممکن بھی بنایاجاسکتاہے۔ وزیراعظم نے عام آدمی میں عدلیہ سے متعلق شعور بیداری پر بھی زوردیا۔
مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھوپال انکاونٹر پر اٹھائے سوال

مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھوپال انکاونٹر پر اٹھائے سوال



بائیں بازو کے لیڈر برندا کرات نے بھی بھوپال میں ہوئے انکاونٹر پر شبہات کا اظہار کیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے برندا کرات نے کہا کہ مہلوک قیدیوں کو سیمی کا کارکن قرار دینا مناسب نہیں ہے کیونکہ یہ زیر دوراں قیدی تھے ۔ انہو ں نے کہا کہ پہلے یہ بتایا گیا یہ قیدی جیل سے فرار ہوگئے ۔ یہ بھی کہا گیا کہ پولیس پر پتھر بھی پھینکے گئے ۔ پھر بیان بدلا گیا اور یہ کہا گیا کہ مفرور قیدیوں کے پاس ہتھیار تھے ۔ لیکن ایک ساتھ پوروں کا مارا جانا کئی سوالات کو کھڑا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ جج کے ذریعہ وقت کے تعین کے ساتھ اس کی تحقیقات ہونی چاہئے ۔
کانگریس کے ایک اور سینئر لیڈر کمل ناتھ نے سیمی کے مشتبہ کارکنوں کے انکاونٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہائی سکیوریٹی جیل سے اچانک آٹھ خونخوار قیدیوں کی فراری کئی سوال کھڑے کرتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل سے فراری اور پھر چند گھنٹوں میں پکڑ کر ان کا انکاونٹر بھی شک کے دائرہ میں آتاہے ۔ کمل ناتھ نے کہا کہ اس معاملہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے کہ وہ کس طرح سے جیل سے فرار ہوئے تھے اور کن حالات میں انہیں مار گرایا گیا ہے ۔
کانگریس کے سینر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے بھوپال جیل سے سیمی کے مشتبہ کارکنوں کی فراری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے بھی کھنڈوا کی جیل سے بھی سیمی کے کارکن سابق میں فرار ہوچکے ہیں اور اب بھوپال جیل سے بھی وہ فرار ہوئے ۔ ڈگ وجئے سنگھ کا کہنا تھا کہ اس بات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ آر ایس ایس اور بنیاد پرست مسلم تنظیموں کے افراد مل کر فساد کراتے ہیں اور سیمی کے لوگ جس طرح سے جیل توڑ کر بھاگ رہے ہیں کہیں یہ ملی بھگت تو نہیں ہے اس کی جانچ ہونی چاہئے۔
بھوپال :سنٹرل جیل سے فرارہوئے منموعہ تنظیم کے آٹھ کارکنوں کو انکاونٹر میں ہلاک کردیاگیا

بھوپال :سنٹرل جیل سے فرارہوئے منموعہ تنظیم کے آٹھ کارکنوں کو انکاونٹر میں ہلاک کردیاگیا



بھول پال کی سنٹرل جیل سے آج صبح مبینہ طورپر فرار ہوئے منموعہ تنظیم سیمی کے آٹھ مشتبہ کارکنوں کو انکاونٹر میں ہلاک کردیاگیاہے۔ تفصیلات کے مطابق امجد ،ذاکر حسین صادق، محمدسالح ، مجیب شیخ، محبوب گڈوملک، محمد خالد احمد، عقیل اورماجد جیل کے ایک گارڈ کا قتل کرتے ہوئے بیڈ شیٹس کی مدد سے جیل سے فرارہوگئے تھے۔ جیسے ہی مذکورہ قیدیوں کے جیل سے فرارہونے کی اطلا ع عام ہوئی ۔پولیس کی طرف سے شہر سے باہرجانے والے راستوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کردی گئی۔ اس واقعہ کے بعد بھوپال کے مضافاتی علاقے مالی کھیڑا کے پاس آٹھ مشتبہ کارکنوں کا انکاونٹر کردیاگیا۔ مقامی پولیس کے عہدیدار نے بتایا کہ پولیس نے مفرور قیدیوں کی نشاندہی کرلی تھی جب پولیس پارٹی ان کے قریب پہنچی تو پولیس پر فائرنگ کی گئی۔ اور جوابی کاروائی میں آٹھ مشتبہ کارکن مارے گئے۔ اس سے پہلے قیدیوں کی جیل سے فراری کا سخت نوٹ لیتے ہوئے جیل کے بعض عہدیداروں کو معطل بھی کردیاگیا۔ جیل حکام کے مطابق اسٹیل کی پلیٹ کے حصے سے سیکوریٹی گارڈ کا گلہ کاٹ کر یہ قیدی فراہم ہوگئے تھے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے مدھیہ پردیش حکومت سے اس واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کی جیل سے دوسری بار منموعہ تنظیم کے کارکن فرارہوئے ہیں۔ اس سے پہلے بھی کھنڈوا جیل سے منموعہ تنظیم کے سات ارکان سال دوہزار تیرہ میں فرارہوگئے تھے۔ اس واقعہ کو لیکر مختلف جماعتوں کی طرف سے شبہات کا بھی اظہارکیاجارہاہے۔

Sunday, 30 October 2016

Saturday, 29 October 2016

تلنگانہ بی جے پی نے کے سی آرحکومت کو غریب مخالف قراردیا

تلنگانہ بی جے پی نے کے سی آرحکومت کو غریب مخالف قراردیا



تلنگانہ بی جے پی نے کے سی آرحکومت کو غریب مخالف قراردیاہے۔ عظیم ترحیدرآباد کے حدودمیں غریبوں کے مکانات کو منہدم کئے جانے کی حکومت کی کاروائی کے خلاف حسین ساگر نالے سے اندراپارک تک ریالی نکالی گئی۔ اس ریالی میں سینئر قائدین کے لکشمن ، کشن ریڈی، اور دوسرے بھی موجود تھے۔ لکشمن نے کہا کہ ٹی آرایس حکومت غریبوں کے مکانات کو منہدم کررہی ہے۔ بی جے پی قائدین نے حکومت کی کاروائی سے اپنے مکانات سے محروم خاندانوں کو فوری متبادل فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
کے چندرشیکھرراؤ ہندوستان کے بہترین وزیراعلی : وی ڈی پی

کے چندرشیکھرراؤ ہندوستان کے بہترین وزیراعلی : وی ڈی پی



وی ڈی پی نامی تنظیم کے سروے میں تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کو ہندوستان کا بہترین وزیراعلی قراردیئے جانے پر ٹی آرایس کارکنوں کی طرف سے آج تلنگانہ بھون میں جشن منایاگیا۔ بتایاگیاہے کہ وی ڈی پی کی طرف سے پندرہ ریاستوں کے چارسو بیس لوک سبھا حلقہ جات میں وزرائے اعلی کی کارکردگی سے متعلق سروے کیاگیاتھا۔ اس سروے میں مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ دوسرے نمر پر رہے۔ ممتا بنرجی تیسرے پر ،جئے للتا کو چوتھا اور چندرابابونائیڈو کو پانچواں مقام حاصل ہوا۔ پارٹی کارکنوں نے آج تلنگانہ بھون میں آتش بازی کی اور کے سی آر کی تصویر کو دودھ سے نہلایاگیا۔ پارٹی کارکنوں کا کہناتھا کہ اپوزیشن کو اب تنقید نہ کرتے ہوئے وزیراعلی کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ تاکہ ریاست تلنگانہ کو نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیابھرمیں نمایاں کیاجاسکے۔
حیدرآباد کے پنجہ گٹہ کار ایکساساریز کے شوروم میں آتشزدگی کا واقعہ پیش

حیدرآباد کے پنجہ گٹہ کار ایکساساریز کے شوروم میں آتشزدگی کا واقعہ پیش



حیدرآباد کے پنجہ گٹہ کار ایکساساریز کے شوروم میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ سمجھا جارہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ۔ مصروف سڑک پر آتش زدگی کے اس واقعہ سے سنسنی دیکھی گئی اور کافی دیر تک ٹریفک جام رہی ۔ تین فائر انجنس نے مقام واقعہ پہونچ کر آگ پر قابو پایا ۔ تقریباً پچاس لاکھ روپئے کے مالی نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی ابھی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ پنجہ گٹہ فلائی اوور کے قریب یہ شوروم واقع ہے ۔ پولیس نے بھی مقام واقعہ پہونچ کر تفصیلات حاصل کی ہیں اور اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں۔
سکندرآباد کے ویسٹ ماریڈ پلی میں واقع گوکل ریسٹورنٹ میں آتشزدگی

سکندرآباد کے ویسٹ ماریڈ پلی میں واقع گوکل ریسٹورنٹ میں آتشزدگی



سکندرآباد کے ویسٹ ماریڈ پلی میں واقع گوکل ریسٹورنٹ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ آگ کو لے کر ریسٹورنٹ کے عملہ نے باورچی خانہ میں جاکر آگ بجھانے کی کوشش کی ۔ تاہم اس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس واقعہ میں باورچی خانہ میں رکھے پکوان کے سامان سمیت دیگر اشیاء جل کر مکمل طور پر خاکستر ہوگئی ۔ اطلاع ملتے ہی سکندرآباد فائر بریڈ کے اہلکار وہاں پہونچے اور شٹر کو توڑ کر آگ پر کافی جدوجہد کے بعد قابو پایا ۔ بولیس کے اہلکاروں نے ریسٹورنٹ میں پھنسے افراد کو محفوظ طور پر نکالا ۔ اس واقعہ میں لاکھوں روپئے کا مالی نقصان ہوا ہے ۔ تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ شارٹ سرکٹ آگ لگنے کی وجہ سمجھی جارہی ہے ۔
اورنگ آباد : مارکٹ میں بھیانک آتشزدگی کا واقعہ

اورنگ آباد : مارکٹ میں بھیانک آتشزدگی کا واقعہ



مہاراشٹرا کے اورنگ آباد ضلع میں پٹاخوں کی مارکٹ میں بھیانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ تقریباً دو سو پٹاخوں کی دکانیں جل کر خاکستر ہوگئی ہیں۔ دیوالی کے موقع پر اس مارکٹ میں کافی ہجوم تھا لیکن کسی بھی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ چالیس گاڑیاں بری طرح سے جل کر تباہ ہوئی ہیں۔ پولیس نے مقام واقعہ پہونچ کر شہریوں کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ دس فائر انجنس نے مقام واقعہ پہونچ کر آگ پر قابو پایا ہے ۔ آگ لگنے کی وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے تاہم اس سلسلہ میں مقامی پولیس تحقیقات کررہی ہے ۔ کافی دیر تک علاقہ میں پٹاخے پھوٹنے کی آواز اور دھوئیں کے بادل سے خوف کا ماحول بھی دیکھا گیا ۔
رکن راجیہ سبھا منور سلیم کے پی اے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار

رکن راجیہ سبھا منور سلیم کے پی اے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار



سماج وادی پارٹی کے رکن راجیہ سبھا منور سلیم کے پی اے کو پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں دہلی پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے ۔ منور سلیم کے پی اے کی شناخت فرحت کے طور پر کی گئی ہے ۔ کرائم برانچ دہلی کے سینئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ فرحت سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیدار اختر کی گرفتاری کے بعد پولیس نے راجستھان سے مولانا رمضان ‘ سبھاش جانگے اور شعیب کو گرفتار کیا تھا اور اب منور سلیم کے پی اے فرحت کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔ جاسوسی کے الزام میں اب تک چار افراد کو دہلی پولیس نے گرفتار کیا ہے اور ان چاروں پر پاکستان کیلئے جاسوسی کا الزام ہے ۔
کشمیر : مسلسل ہڑتال اور تعلیمی اداروں کے بند رہنے پرا حتجاج

کشمیر : مسلسل ہڑتال اور تعلیمی اداروں کے بند رہنے پرا حتجاج



 وادی کشمیر میں بعض سرپرستوں کی طرف سے مسلسل ہڑتال اور تعلیمی اداروں کے بند رہنے پرا حتجاج کیاگیا۔ احتجاجی اپنے چہرے چھپائے ہوئے تھے لیکن ان کے ہاتھوں میں جو پلے کارڈس سے تھے اس پر سخت گیری حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کے خلاف نعرے درج تھے۔ بیانرس میں یہ بھی لکھا تھا کہ ہمارے بچے دربہ در ہوگئے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ سید علی شاہ گیلانی کی پوتری نے امتحان لکھا ہے لیکن ان کے بچے امتحان نہیں لکھ پائے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ آزادی صرف ہمارے لئے ہی نہیں بلکہ ان کے لئے بھی ہوناچاہیے۔
سری نگر میں مختلف پولیس اسٹیشن حدود سے آج کرفیو ہٹالیا گیا

سری نگر میں مختلف پولیس اسٹیشن حدود سے آج کرفیو ہٹالیا گیا



کشمیر سری نگر میں مختلف پولیس اسٹیشن حدود سے آج کرفیو ہٹالیا گیا ہے ۔ تاہم وادی میں امتناعی احکامات پر عمل جاری ہے ۔ واضح رہے کہ جمعہ کو وادی کے چھ پولیس اسٹیشن حدود میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا ۔ علحدگی پسند تنظیموں کی طرف سے نوہاٹا کے علاقہ میں واقع جامع مسجد تک مارچ کا اعلان کیا گیا تھا ۔ مقامی پولیس عہدیدار نے بتایا کہ صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے کرفیو ہٹایا گیا ہے ۔ آج وادی میں 113 واں دن ہے جہاں عام زندگی مفلوج ہی دیکھی گئی ۔ 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کارکن برہان وانی کی انکاونٹر میں ہلاکت کے بعد مسلسل پرتشدد واقعات میں پولیس کی کارروائی سے پچیانوے افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہیں۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر سرحدی علاقوں میں بھی غیر معمولی چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔
سرحد پر جنگ جیسی صورتحال نہیں لیکن حالات کشیدہ

سرحد پر جنگ جیسی صورتحال نہیں لیکن حالات کشیدہ



لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی گولہ باری میں ہلاک ہوئے ہندوستانی فوجی مندیپ سنگھ کے گھر پر کافی غم کا ماحول دیکھاگیاہے۔ بتایاگیاہے کہ مندیپ سنگھ کی لاش کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھی کی گئی تھی۔ مندیپ سنگھ کی اہلیہ نے اس موقع پر کہا کہ وہ نہ صرف اپنے شوہر بلکہ ان تمام فوجیوں کی شہادت کو سلام کرتی ہیں جنہوں نے ملک کے لئے جان دی ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ ان کے شوہر بہت بہادر تھے لیکن اسے ان کی شہادت پر فخر ہے۔
دوسری جانب اترکھنڈ کے جتیندر کمار سنگھ فوجی کی لاش آج ان کے آبائی گاؤں پہنچادی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلی ہریش راوت بھی موجود تھے۔ ہریش راوت نے آخری رسومات میں بھی شرکت کی۔ ہریش راوت نے سندیپ سنگھ کی شہادت کو خراج پیش کیا۔
اُدھرکشمیر کے کپوارہ میں سرحد پارسے کی گئی فائرنگ کی وجہ سے حالات کشیدہ دیکھے گئے ہیں۔ بتایاگیاہے کہ پاکستانی فوج کی طرف سے ماچل سیکٹر کے پاس مسلسل گولے برسائے گئے ہیں ہندوستان فوج کی طرف سے بھی فائرنگ کا جواب دیاگیاہے۔
ہندوستان کے دفاعی ماہر جی ڈی بخشی نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ اپنی معیاد میں توسیع کے لئے اپنی فورسس کو ہندوستانی چوکیوں پر گولہ باری کے لئے اکسارہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بخشی نے کہا کہ راحیل شریف اپنی گدی چھوڑنا نہیں چاہتے اس لئے سرحد پر درجہ حررات کو بڑھایاجارہاہے۔
ملک کا سر جھکنے نہیں دیاجائے گا۔وزیرداخلہ

ملک کا سر جھکنے نہیں دیاجائے گا۔وزیرداخلہ



مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ سرحد پار سے پاکستانی فورسس فائرنگ کررہے ہیں لیکن وہ ملک کے عوام کو تیقن دیتے ہیں کہ ہماری فوج اس کا اچھی طرح سے جواب دے رہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ ملک کے عوام کو اس بات کیلئے مطمئن ہونا چاہئے کہ ملک کے سر کو جھکنے نہیں دیا جائے گا ۔

Friday, 28 October 2016

فلم ائے دل ہے مشکل آج ریلیز ہوگئی' بعض سینما گھروں کے پاس احتجاج

فلم ائے دل ہے مشکل آج ریلیز ہوگئی' بعض سینما گھروں کے پاس احتجاج



کرن جوہر کی متنامعہ فلم ائے دل ہے مشکل آج ریلیز ہوگئی۔ دلی کے علاوہ دوسری ریاستوں میں فلم کی ریلیز کے موقع پر ملٹی پلیکس اور دوسرے سینما گھروں میں غیرمعمولی سیکیورٹی دیکھی گئی۔ بعض شائقین فلم کے خَلاف چلائی گئی مہم کو سیاسی سازش بھی قرار دے رہے ہیں ۔
تاہم ادھر دلی میں ہندو سینا کے کارکنوں کی طرف سے بعض سینما گھروں کے پاس احتجاج کرتے ہوئے فلم کی نمائش بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کی گئی۔ احتجاجی ہندو سینا کے کارکنوں کو کرن جوہر کو پاکستان کے دلال کہتے ہوئے بھی سنا گیا۔
پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے دن اب گنتی کے رہ گئے

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے دن اب گنتی کے رہ گئے



بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے دن اب گنتی کے رہ گئے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سبرامنیم سوامی نے کہا کہ ہندوستان کے سرجیکل حملے کے بعد پاکستانی فوج نواز شریف حکومت پر حاوی ہوچکی ہے ۔ سوامی نے کہا کہ پاکستانی فوج کے حوصلے میں اضافہ کیلئے پاکستانحملوں کی تیاری کررہا ہے اور ہمیں اس کا جواب دینے کیلئے تیار رہنا ہوگا ۔
کٹھوا‘ نوشیدہ‘ آر ایس پورہ اور راجوری میں پاکستان کی بلااشتعال فائرنگ

کٹھوا‘ نوشیدہ‘ آر ایس پورہ اور راجوری میں پاکستان کی بلااشتعال فائرنگ



جموں و کشمیر کے کٹھوا میں بھی پاکستان کی طرفس ے کی گئی فائرنگ میں رہائشی مکانات کو نقصان پہونچاہے۔ بعض گولے مکان میں دھنسے ہوئے بھی دیکھے گئے۔ مقامی عوام نے بتایا ہے کہ پاکستان کی طرف سے کی گئی فائرنگ میں بعض جانور بھی مارے گئے ہیں۔ عوام میں مسلسل جاری فائرنگ سے کافی خوف و ہراس بھی دیکھا گیا ہے ۔ مقامی عوام کے مطابق فائرنگ سے بچوں میں کافی خوف ہے انہوں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔
دوسری طف آر ایس پورہ سیکٹر میں ہوئی پاکستانی فائرنگ سے ایک عام شہری زخمی ہوا ہے ۔ زخمی شخص کو علاج کیلئے دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے ۔ مقامی پولیس کے عہدیدار نے بتایا کہ رات کو گولہ باری نہیں ہوئی تھی لیکن آج صبح کی گئی گولہ باری میں ایک نوجوان زخمی ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق آر ایس پورہ میں پاکستانی فوج کی گولہ باری سے اب تک اکیس افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
ادھر نوشیرہ سیکٹر کے پاس بھی بھاری گولہ باری ہوئی ہے۔ مقامی عوام گولہ باری کی وجہ سے اپنے مکانات میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ مقامی عوام نے بتایا کہ صبح چار بجے سے مسلسل گولہ باری ہورہی ہے اور وہ چھ کر رہنے پر مجبور ہیں ۔
دوسری جانب سرینگر میں سی آر پی ایف کی طرف سے چیک پوائنٹس میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ بعض مقامات پر ریت کے بنکرس بھی بنائے گئے ہیں ۔ سی آر پی ایف کے کمانڈنٹ آر کے چودھری نے بتایا کہ گاڑیوں کی تلاشی میں سہولت کیلئے یہ چیک پوائنٹ قائم کئے جارہ یہیں ۔
اس دوران جموں میں بی ایس ایف کے اے ڈی جی ارون کمار نے بتایا ہے کہ لگاتار آر ایس پورہ‘ سانبھا اور جموں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری فوج پاکستانی فائرنگ کا معقول جواب دے رہی ہے ارون کمار نے بتایا کہ اب تک پاکستان کے پندرہ رینجرس مارے گئے ہیں ۔ ارون کمار نے بتایا کہ ہماری طرف سے پہلے کوئی فائرنگ نہیں کی جاریہ ہے بلکہ سرحد پار سے ہورہی فائرنگ کا ہم جواب دے رہے ہیں ۔
لوگوں کی بری نظر ہم پر لگی ہوئی ہے

لوگوں کی بری نظر ہم پر لگی ہوئی ہے



مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان تیزی سے ترقی کی سمت آگے بڑھ رہا ہے تو لوگوں کی بری نظر بھی ہم پر لگی ہوئی ہے ۔ نوئیڈا میں آئی ٹی بی کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے پاکستان کا نام لیئے بغیر کہا کہ پڑوسی ملک دہشت گردی کاس ہارا لے کر اپنی بات منوانا چاہتا ہے لیکن وہ یہ مانتے ہیں کہ دہشت گردی بہادروں کا نہیں بلکہ بزدلوں کا ہتھیار ہوتا ہے ۔
 پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے والا ایک اور شخص  جودھپور سے گرفتار

پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے والا ایک اور شخص جودھپور سے گرفتار



دلی پولیس نے پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے والے ایک شخص کو راجستھان کے جودھپور سے گرفتار کرلیا ہے۔ دلی کے جوائنٹ کمشنر پولیس رویندر یادو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چھبیس سالہ شعیب کو جودھپور سے گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح شعیب کو لایا گیاہے ۔ دلی پولیس نے بتایا کہ مولانا رمضان اور سبھاش جانگے کے ساتھ شعیب بھی جاسوسی میں ملوث تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ شعیب دلی سے جودھپور فرار ہوا تھا پولیس کے مطابق شعیب ویزا کا ایجنٹ ہے ۔
اس سے پہلے شعیب کو دلی منتقل کیا گیا تھا ۔ میڈیا کے سامنے بھی پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے والے شعیب کو پیش کیا گیا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی دلی پولیس نے مولانا رمضان اور سبھاش جھانگے کو گرفتار کرتے ہوئے میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا ۔

Thursday, 27 October 2016

سکریٹریٹ کی منتقلی کے سلسلہ میں حیدرآباد ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی

سکریٹریٹ کی منتقلی کے سلسلہ میں حیدرآباد ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی



تلنگانہ کانگریس کی طرف سے سکریٹریٹ کی منتقلی کے سلسلہ میں حیدرآباد ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی ہے ۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی جیون ریڈی اور کومٹی ریڈی وینکٹ ریڈی نے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے اس کی فوری سماعت کی درخواست کی ۔ اپنی درخواست میں کانگریس کے ارکان اسمبلی نے کہا کہ حکومت عوامی رقومات کا بیجا استعمال کررہی ہے اور اس کی تحقیقات ہونی چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلی اس موجودہ سکریٹریٹ کو منہدم نہیں کرسکتے اس سے بڑے پیمانہ پر نقصان ہوگا ۔
کے سی آر نے ریاست کو مسائل سے دوچار کردیا

کے سی آر نے ریاست کو مسائل سے دوچار کردیا



تلنگانہ کانگریس نے کے سی آر حکومت سے فیس باز ادائیگی اور اسکالرشپ کے بقایا جات فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ حیدرآباد کے دلسکھ نگر علاقہ میں طلبہ کے احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلی نے ایوان اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ وہ فیس بقایا جات کی فوری اجرائی کو یقینی بنائیں گے ۔ لیکن اب تک اس سلسلہ میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے ریاست کو مسائل سے دوچار کردیا ہے جہاں سماج کا ہر طبقہ پریشان ہیں۔ واستو کے نام پر سکریٹریٹ کی منتقلی بھی باعث افسوس ہے ۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن کونسل محمد علی شبیر نے کہا کہ وزیر اعلی طلبہ کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے بھی کہا کہ کانگریس طلبہ کے ساتھ ہے اور طلبہ کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی ۔ اس اجلاس کے دوران طلبہ سے دستخطیں بھی لی گئیں ۔
تین طلاق سے متعلق مرکزی وزیر وینکیانائیڈو کے بیان کی مذمت

تین طلاق سے متعلق مرکزی وزیر وینکیانائیڈو کے بیان کی مذمت


کانگریس کے سینئر لیڈر پی سی چاکونے یکساں سیول کوڈ اور تین طلاق سے متعلق مرکزی وزیر وینکیانائیڈو کے بیان کی مذمت کی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی سی چاکونے کہا کہ وینکیانائیڈو کے علاوہ مودی حکومت کے کئی وزراء اور قائدین اب طلاق کے مسئلہ سے واقف ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی طبقے میں کچھ براہوتا ہے توپہلے اس طبقے کے ذمہ دارروں پر اس کی ذمہ دار آتی ہے کہ وہ اس کی یکسوئی کرے۔ مذہبی آزادی ہندوستان کے دستورمیں ہے اور پہلے اس کا احترام کیاجاناچاہیے۔
اُڑیسہ کے کلاہنڈی میں ایک اور شرمناک واقعہ

اُڑیسہ کے کلاہنڈی میں ایک اور شرمناک واقعہ



اُڑیسہ کے کلاہنڈی میں ایک اور شرمناک واقعہ پیش آیاہے جہاں پر اعلی ذات کے طبقے کی طرف سے قبائلی خاتون کے آخری رسومات کوشمشان گھاٹ میں ادا کرنے سے روکا گیا۔ بتایاگیاہے کہ متوفیہ کے رشتہ دار کھنچتے ہوئے لاش کرلیکر شمشام گھاٹ پہنچے تھے لیکن وہاں کے ذمہ داروں نے آخری رسومات کی اجازت دینے سے انکارکردیا۔ اس واقعہ کی اطلاع عام ہونے کے بعد مقامی انتظامیہ حرکت میں آیا ۔علاقے کے اے ڈی ایم چندرامونی پٹنائک نے بتایا کہ متوفیہ کے خاندان کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے دوہزارروپئے دیئے گئے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ بعض دیہی پنچایتوں میں ذات پات کے بھید بھاؤ کو ختم کرنے کے لئے انتظامیہ کی طرف سے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔ انتظامیہ کی مداخلت کے بعد متوفیہ ساوتری کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
پرسنل لاء میں مداخلت کو ملک کی مسلم خواتین قطعی برداشت نہیں کریں گی

پرسنل لاء میں مداخلت کو ملک کی مسلم خواتین قطعی برداشت نہیں کریں گی



دلی میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے خواتین کے لئے کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ محترمہ اسماء زہرہ نے بتایا کہ مسلم پرسنل لاء کی حفاظت کے لئے ہندوستان بھر میں مسلم خواتین بڑی تعداد میں آگے آئی ہیں۔ اور مسلم پرسنل لاء بورڈ ان خواتین کی کوششوں کی ستائش کرتاہے۔ اسماء زہرہ نے کہا کہ مسلم خواتین کو مسلم پرسنل لاء کے تحت پورا تحفظ حاصل ہے اور دستورمیں بھی آزادی مذہب کا حق بھی ہمیں حاصل ہے۔ محترمہ اسماء زہرہ نے کہا کہ تین طلاق کے مسئلہ پر مسلم پرسنل لاء میں مداخلت کو ملک کی مسلم خواتین قطعی برداشت نہیں کریں گی۔ ان کاکہناتھا کہ اس کانفرنس کامقصد ملک بھر کی مسلم خواتین کو یہ پیام دینا ہے کہ ہم مسلم پرسنل لاء کے قوانین کے تحت پوری طرح سے محفوظ اور خوش ہیں۔ اور خواتین مسلم پرسنل لاء میں مداخلت کے پوری طرح سے خلاف ہیں۔
وزیراعلی اکھلیش سنگھ یادو مجھے انکل کہا کرتے تھے

وزیراعلی اکھلیش سنگھ یادو مجھے انکل کہا کرتے تھے



اترپردیش سماج وادی پارٹی میں جاری اتھل پتھل پر خاموشی توڑتے ہوئے امرسنگھ نے کہا کہ انہیں وزیراعلی اکھلیش سنگھ یادو انکل کہا کرتے تھے۔ امرسنگھ نے کہا کہ جب وہ سماج وادی پارٹی میں نہیں تھے تب بھی اکھلیش سنگھ یادو نے بعض فلمی شخصیتوں کے سامنے ان کی تعریف کی تھی۔ بونی کپورکا حوالہ دیتے ہوئے امرسنگھ نے کہا کہ چالیس منٹ کی ملاقات میں اکھلیش سنگھ نے تیس منٹ تک ان کا ہی ذکرکیا۔ اب ایسا کیا ہوگیا کہ اکھلیش سنگھ یادو اس طرح کے رویے پر اترآئے ہیں۔ امرسنگھ نے کہا کہ اگر کچھ اختلافات تھے تواکھلیش سنگھ راست ان سے بات کرتے ۔
ملائم سنگھ یادو نے جوذمہ داری انہیں سونپی ہے وہ اسے نبھائیں گے: شیول پال یادونے

ملائم سنگھ یادو نے جوذمہ داری انہیں سونپی ہے وہ اسے نبھائیں گے: شیول پال یادونے



سماج وادی پارٹی اترپردیش کے صدر شیول پال یادونے کہا ہے کہ ملائم سنگھ یادو نے جوذمہ داری انہیں سونپی ہے وہ اسے نبھائیں گے۔ ملائم سنگھ کا ہمیشہ ساتھ دیں گے اور جو بھی وہ حکم دیں گے اسے بھی بجالائیں گے۔ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیو پال یادو نے کہا کہ سیکولر طاقتوں کو ایک ہونے پر زوردیا۔
جموں کے آرایس پورہ اور ارنیا سیکٹر میں پاکستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ ' فوجی جوان کی موت

جموں کے آرایس پورہ اور ارنیا سیکٹر میں پاکستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ ' فوجی جوان کی موت



جموں کے آر ایس پورہ میں پاکستان کی طرف سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ میں چھ عام شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ جمعرات کی صبح کی گئی فائرنگ میں ہوئے زخمیوں میں بچے بھی شامل بتائے گئے ہیں۔ یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ آر ایس پورہ کے علاوہ ارنیا سیکٹر کے پاس بھی پاکستانی فوج کی طرف سے کی گئی فائرنگ میں ایک بی ایس ایف کا جوان بھی ہلاک ہوا ہے ۔ مہلوک جوان کی شناخت جتیندر کمار کی حیثیت سے کی گئی ہے جو بہار کے موتیہاری ضلع کا بتایا گیا ہے ۔ فوج کے پندرہ چوکیوں پر بھی پاکستان کی طرف سے فائرنگ کئے جانے کی اطلاع ملی ہے ۔
جموں بی جے پی کے ایم ایل رویندررائنا نے سرحدپار سے جاری بلااشتعال فائرنگ پر پاکستان پربرہمی اظہارکیاہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے رویندررائنا نے کہا کہ جس طریقے سے جموں وکشمیر میں دہشت گردوں کو مارگرایاجارہاہے اس سے پاکستان کی خفیہ ایجنسی اور دہشت گرد بوکھلاہٹ کاشکار ہوگئے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنایاجارہاہے لیکن اب پاکستان کو بڑے سرجیکل حملے کے ذریعہ سبق سیکھناہوگا۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیدار کو اڑتالیس گھنٹوں میں ملک چھوڑدینے کی ہدایت

پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیدار کو اڑتالیس گھنٹوں میں ملک چھوڑدینے کی ہدایت



دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے پاکستان کیلئے جاسوسی کرنے والے راجستھان کے ساکنان دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مولانا رمضان اور سبھاش جانگے کو پاکستان ہائی کمیشن کے عہدیدار محمود اختر کو بعض حساس معلومات کی فراہمی کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا ۔ رمضان اور سبھاش پر پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کیلئے بھی کام کرنے کا الزام لگایا گیا ہے ۔ انٹلیجنس بیورو کی طرف سے اطلاع ملے جانے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ۔ دونوں مبینہ جاسوسی کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق دہلی پولیس نے جاسوسی کی گرفتاری کے معاملہ پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور دہلی کے ایل جی کو تمام تفصیلات سے واقف کروایا ہے ۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیدار کو اڑتالیس گھنٹوں میں ملک چھوڑدینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
مرکزی ملازمین اور پنشنرس کو دیوالی کا تحفہ

مرکزی ملازمین اور پنشنرس کو دیوالی کا تحفہ



مرکزی کابینہ نے دیوالی سے پہلے ملک کے پچاس لاکھ ملازمین اور اٹھاون لاکھ پنشنرس کو تحفہ دیتے ہوئے گرانی الاونس میں دوفیصد اضافے کو منظوری دے دی ہے۔ مرکزی کابینہ کا آج اجلاس منعقدہوا ۔بعدمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرفینانس ارون جیٹلی نے بتایا کہ گرانی الاونس میں اضافے پر یکم جولائی دوہزار سولہ سے عمل کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی ملازمین تنظیموں کے نمائندے گرانی الاونس میں تین فیصد اضافے کا مطالبہ کررہے تھے لیکن حکومت نے دوفیصد اضافے کو منظوری دی۔

Wednesday, 26 October 2016

Tuesday, 25 October 2016

آندھراپردیش کے نائب وزیراعلی لفٹ کا وائر ٹوٹ جانے کے سبب معمولی طورپر زخمی

آندھراپردیش کے نائب وزیراعلی لفٹ کا وائر ٹوٹ جانے کے سبب معمولی طورپر زخمی



آندھراپردیش کے نائب وزیراعلی این چناراجپا لفٹ کا وائر ٹوٹ جانے کے سبب معمولی طورپر زخمی ہوگئے۔یہ واقعہ آندھراپردیش کے کاکناڈا میں اُس وقت پیش آیا جب وہ سنجیونی اسپتال میں زیرعلاج افراد کی عیادت کے بعد واپس ہورہے تھے۔یہ افراد کمپنی میں گیس کے اخراج کے سبب متاثر ہوگئے تھے اور ان کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔اطلاع ملتے ہی چناراجپا وہاں پہنچے اور وہ ان کی عیادت کے بعد لفٹ سے نیچے اتر رہے تھے کہ اچانک اس لفٹ کا وائر ٹوٹ گیا اور یہ لفٹ نیچے آگئی ۔اس واقعہ میں چناراجپا معمولی زخمی ہوگئے ۔ ان کی کمر پر زخم آئے ۔ ان کا اسی اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے ۔اس واقعہ میں ایک کانسٹیبل اور ایک فوٹو گرافر بھی زخمی ہوگیا
ہوم گارڈس کی بھوک ہڑتال کو گزشتہ رات پولیس نے ختم کرادیا

ہوم گارڈس کی بھوک ہڑتال کو گزشتہ رات پولیس نے ختم کرادیا



تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر مسائل کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے ہوم گارڈس کی بھوک ہڑتال کو گزشتہ رات پولیس نے ختم کرادیا ۔ بعض احتجاجی ہوم گارڈس کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ۔ بتایا گیا ہے کہ بعض ہوم گارڈس کو گرفتار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن بھی منتقل کیا گیا تھا ۔ ہوم گارڈس کی طرف سے مبینہ طور پر خودسوزی کی کوشش کی جانے کی بھی اطلاع ملی ہے جس کے بعد احتجاجی ہوم گارڈس گاندھی ہاسپٹل میں جمع ہوگئے اور وہاں بھی احتجاج کیا ۔ پولیس کو احتجاجی ہوم گارڈس کو قابو میں کرنے کیلئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
نلگنڈہ : ایم بی بی ایس کے ایک طالب علم نے خودکشی کرلی

نلگنڈہ : ایم بی بی ایس کے ایک طالب علم نے خودکشی کرلی



ضلع نلگنڈہ میں ایم بی بی ایس کے ایک طالب علم نے خودکشی کرلی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سائی کمار نامی طالب علم نے عمارت سے چھلانگ لگاکر یہ انتہائی اقدام کیا ۔ بتایا گیا ہے کہ سائی کمار یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس سال اول کا طالب علم تھا ۔ بتایا گیا ہے کہ سائی کمار بہت ہی ذہین طالب علم تھا ۔ خودکشی کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے ۔ واضح رہے کہ چند دنوں میں میڈیکل طالب علم کا یہ تیسرا خودکشی کا واقعہ ہے ۔
لاری ریل اوور برج سے نیچے ٹرین کی پٹریوں پر گر پڑی

لاری ریل اوور برج سے نیچے ٹرین کی پٹریوں پر گر پڑی



آندھراپردیش کے راجمندری میں ایک لاری نے دوسری لاری کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں مخالف سمت سے آرہی ریت کی لاری کو ٹکر دے دی اور ڈرائیور کی جانب سے لاری کا توازن کھونے کے سبب یہ لاری ریل اوور برج سے نیچے ٹرین کی پٹریوں پر گر پڑی۔یہ لاری راجہ مہیندراورم سے تاڑے پلی گوڑم جارہی تھی۔ اس لاری کے ریل اووربرج سے نیچے گرنے کے سبب ریلوے کی بجلی کی لائن کو شدید طورپر نقصان پہنچا۔حادثہ کے وقت ٹرینوں کی آمد ورفت نہیں تھی ورنہ ایک بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔اطلاع ملتے ہی ریلوے اور پولیس کے افسر مقام واقعہ پر پہنچے اور پٹریوں پر گری لاری کو نکالتے ہوئے پٹریوں کی مرمت کے کام شروع کردیئے اور بجلی کی سپلائی کو بھی بحال کیا گیا ۔بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ سے کئی ٹرینوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی تھی۔ اس حادثہ میں لاری ڈرائیور اور کلینرشدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے فوری طورپر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس حادثہ میں لاری کو بُری طرح نقصان پہنچا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔
لائن آف کنٹرول کے پاس بلا اشتعال فائرنگ

لائن آف کنٹرول کے پاس بلا اشتعال فائرنگ



پاکستانی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے پاس بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ جموں و کشمیر کے راجوری سیکٹری کے پاس ایک بار پھر فائرنگ کی گئی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اس فائرنگ کی وجہ سے کئی رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ مقامی انتظامیہ کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔مقامی ٹیچر نے بھی بتایا کہ پاکستانی فورسس کی فائرنگ سے بعض مارٹر گولے اسکول کے احاطہ میں بھی آگرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں فائرنگ کو لے کر کافی تشویش پائی جاتی ہے ۔
دہلی کے نیابازار علاقہ میں ہوئے دھماکہ میں ایک شخص ہلاک

دہلی کے نیابازار علاقہ میں ہوئے دھماکہ میں ایک شخص ہلاک



دہلی کے نیابازار علاقہ میں ہوئے دھماکہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ کم شدت کا یہ دھماکہ چاندنی چوک مارکٹ کے قریب آج صبح پیش آیا ۔ اس حملہ میں مارے گئے شخص کی ابھی تک شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دہلی انسداد دہشت کے عہدیداروں مقام واقعہ پہونچ گئے اور علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے دھماکہ کی نوعیت کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شمالی رینج کے جوائنٹ سی پی ویریندر چہل نے بتایا کہ پٹاخوں میں استعمال ہونے والی دھماکو اشیا شاید اس دھماکہ کی وجہ ہوسکتی ہے تاہم فارنسک ٹیمیں مقام واقعہ سے دستیاب ہوئے دھماکو مادہ کی تحقیقات کررہی ہیں ۔ اس دھماکہ کی وجہ سے مقام واقعہ کے قریب میں واقع دکانوں کو بھی نقصان پہونچا جبکہ دو افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ سے آس پاس کے علاقہ میں سنسنی دیکھی گئی ۔ وزیر داخلہ نے بھی اس واقعہ کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔ وزیر داخلہ جو کہ اس وقت بحرین کے دورہ پر ہیں دہلی کے کمشنر پولیس سے فون پر بات کہی ہے ۔ انہوں نے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔
 اب پاکستان کو دہشت گردوں سے توبہ کرلینا چاہیے : شاہنواز حسین

اب پاکستان کو دہشت گردوں سے توبہ کرلینا چاہیے : شاہنواز حسین



بی جے پی کے سینئر لیڈر شاہنواز حسین نے کہا ہے کہ جو دوسروں کے لئے گڑھا کھودتے ہیں وہ خود اس میں گرجاتے ہیں۔ پاکستان کے کوئٹہ میں ہوئے دہشت گرد حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہنواز حسین نے کہا کہ اب پاکستان کو دہشت گردوں سے توبہ کرلینا چاہیے اور دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی لڑائی میں شامل ہونا چاہیے۔
اب جموں کو بھی آگ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے : فاروق عبداللہ

اب جموں کو بھی آگ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے : فاروق عبداللہ



جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی فاروق عبداللہ نے ریاستی گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف مسائل پر توجہ دلائی ہے ۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے گورنر سے ہوئی ملاقات کی تفصیلات بتائیں۔ سابق وزیراعلی نے جموں میں آر ایس ایس کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈوڈا میں آر ایس ایس کی ریالی کا مقصد ہندوؤں اور مسلمانوں میں کشیدگی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہم کشمیر کی حالت کو ٹھیک نہیں کرپارہے ہیں اور اب جموں کو بھی آگ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
بی جے پی تین طلاق کے خاتمہ کے حق میں ہے:  وینکیا نائیڈو

بی جے پی تین طلاق کے خاتمہ کے حق میں ہے: وینکیا نائیڈو



مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ خواتین کے استحصال کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ طلاق سے متعلق وزیراعظم مودی کے بیان سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ جمہوری ملک میں جنس کے نام پر استحصال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے تین طلاق کو جنس کی آڑ میں استحصال قرار دیا۔ وینکیا نائیڈو نے تین طلاق کو دستور کے آرٹیکل چودہ اور پندرہ کے تحت دستور کے خلاف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تین طلاق کے خاتمہ کے حق میں ہے ۔