Tuesday, 31 May 2016

Monday, 30 May 2016

Saturday, 28 May 2016

Friday, 27 May 2016

Thursday, 26 May 2016

سوچھ بھارت پروگرام کے تحت مختص کی گئی رقم کا مو ثر استعمال نہیں کیا گیا : احمد بلعلہ

سوچھ بھارت پروگرام کے تحت مختص کی گئی رقم کا مو ثر استعمال نہیں کیا گیا : احمد بلعلہ


رکن اسمبلی ملک پیٹ احمدبلعلہ نے جمعرات کو واٹر ورکس کے ایم ڈی دانا کشور سے ملاقات کرتے ہوئے حلقہ کے مختلف زیر التوا کاموں کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ احمدبلعلہ نے ایم ڈی کوبتایاکہ سوچھ بھارت پروگرام کے تحت جو رقم مختص کی گئی تھی اس کا موثراستعمال نہیں کیاگیا ہے۔ احمدبلعلہ نے ملک پیٹ میں چھ کروڑ روپئے کے کاموں کے سلسلہ میں توجہ دلائی جس پر واٹر ورکس کے ایم ڈی نے فوری تخمینہ تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ احمدبلعلہ کی نمائندگی پر ملک پیٹ میں سیوریج کی صفائی کے لئے مزید دوگاڑیوں کوبھی منظوری دی گئی ہے۔ احمد بلعلہ کے ہمراہ ملک پیٹ کے مجلسی کارپوریٹرس اورنمائندہ کارپوریٹر س بھی موجود تھے
بار بار برقی مسدودی پرحکومت کو مجلسی ارکان مقننہ کی برہمی کا سامنا

بار بار برقی مسدودی پرحکومت کو مجلسی ارکان مقننہ کی برہمی کا سامنا




ماہ رمضان کے انتظامات کے سلسلہ میں سکریٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں مجلسی ارکان مقننہ نے حکومت کو شدید برہمی کانشانہ بنایا۔ شہر میں ہوئی حالیہ بارشوں کے نقصانات اور عوام کو پیش آئی مشکلات‘برقی کی باربارمسدودی پربھی مجلسی ارکان مقننہ نے حکومت سے جواب طلب کیا۔ نائب وزیراعلیٰ محمدمحمودعلی اوروزیرداخلہ این نرسمہاریڈی کومجلسی ارکان مقننہ کوسمجھانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔رکن اسمبلی معظم خان اوراحمدپاشاہ قادری نے حکومت پرزوردیا کہ اس طرح کے میٹنگ رکھنا اورعہدیداروں کو صرف طلب کرتے ہوئے نمائش کرنا فضول ہے۔ معظم خان نے کہا کہ ایسے اجلاس منعقدکرنے کے بعداس کو عملی جامہ بھی پہناناچاہئے۔ مجلسی ارکان کے سخت موقف کودیکھتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو اجلاس سے باہر کردیاگیا۔بعدمیں مجلس کے ارکان اسمبلی نے اجلاس میں مساجد کی آہک پاشی کے ساتھ ساتھ عیدگاہو ں میں جنریٹر کی تنصیب پربھی توجہ دلائی۔مجلس کاکہناتھا کہ تمام عیدگاہو ں میں جنریٹرس نصب کئے جانے چاہئے کیونکہ اکثرعید کے خطبے کے دوران برقی چلی جاتی ہے۔ مجلس کے ارکان نے یہ بھی بتایاکہ مساجد کی صحیح طورپر آہک پاشی نہیں کی جاتی صرف چونا کرکے چھوڑدیاجاتاہے۔مجلسی ارکان نے یہ بھی کہاکہ سرکاری دفاترمیں مستقل عہدیدار نہ ہونے کی وجہ سے عوام کومشکلات پیش آرہی ہیں اورمسائل کی فوری یکسوئی نہیں کی جاتی ہے۔ مجلس کے ارکان نے یہ بھی کہاک شہرمیں دس منٹ کی بارش میں عام زندگی درہم برہم ہوکررہ جاتی ہے۔ حکومت کوچاہئے کہ ماہ رمضان کے دوران کسی بھی طرح کی لاپرواہی نہ برتی جائے ۔اجلاس میں مجلسی ارکان مقننہ ممتاز احمدخان‘ سیدحمدپاشاہ قادری‘ معظم خان‘احمد بلعلہ‘ جعفرحسین معراج ‘ کوثرمحی الدین ‘امین الحسن جعفری اور سید الطاف حیدر رضوی نے بھی شرکت کی۔
نظام آباد کے بچکنڈہ میں آج تیز ہواوں کی وجہ سے کئی درخت گرپڑے

نظام آباد کے بچکنڈہ میں آج تیز ہواوں کی وجہ سے کئی درخت گرپڑے




نظام آباد کے بچکنڈہ میں آج تیز ہواوں کی وجہ سے کئی درخت گرپڑے ۔ ایک لاری پر درخت کے گرنے سے ڈرائیور گوپال شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ بچکنڈہ کے پاس اچانک ایک درخت کا بڑا حصہ لاری پر گرپڑا اور اس کی ایک شاخ گلے میں دھنس گئی ۔ زخمی حالت میں گوپال کو فوری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔دیگر مقامات پر بھی درختوں کے گرنے سے عوام کو مشکلات پیش آئیں ۔
کڑپہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک

کڑپہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک

کڑپہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ 



یہ حادثہ آج صبح کڑپہ کے تونڈور میں اس وقت پیش آیا جب ٹریکٹر کو ٹینکر نے ٹکر دے دی ۔ اس حادثہ میں تین افراد ہلاک اور پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو پولی ویندلا کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر مناسب طبی سہولت نہ ہونے پر کڑپہ کے ریمس منتقل کیا گیا ۔ مرنے والوں کا تعلق کڑپہ سے ہے جو مزدور تھے ۔ اُدھر نیلور ضلع میں پیش آئے سڑک حادثہ میں چار افراد زخمی ہوگئے ۔ بوگلو منڈل اولیواپاڈاکے قریب خانگی ٹراویلس کی بس نے لاری کو ٹکر دے دی ۔ اس حادثہ میں بس کے سامنے کے حصہ کو شدید طور پر نقصان پہونچا ۔ یہ بس وجئے واڑہ سے چینائی جارہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ۔
سکندرآباد : لفٹ بوائز اور ڈاکٹرس کے درمیان جھڑپ کے بعد طبی خدمات متاثر

سکندرآباد : لفٹ بوائز اور ڈاکٹرس کے درمیان جھڑپ کے بعد طبی خدمات متاثر



سکندرآباد کے گاندھی ہاسپٹل میں آج لفٹ بوائز اور ڈاکٹرس کے درمیان جھڑپ کے بعد طبی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لفٹ میں مریضوں کو لے جانے کے دوران ڈاکٹرس نے انہیں پہلے لے جانے کا مطالبہ کیا اس پر لفٹ بوائز کے ساتھ ڈاکٹرس کی بحث و تکرار ہوگئی اور بات ہاتھا پائی تک پہونچ گئی۔ بعد میں لفٹ بوائز نے احتجاج کرتے ہوئے خدمات کا بائیکاٹ کردیا۔ اس احتجاج سے بعض آپریشن نہیں ہوپائے ہیں ۔ مقامی انتظامیہ مسئلہ کی یکسوئی کی کوشش کررہا ہے ۔
تلنگانہ  : جامع سروے کو لمکا بُک آف ریکارڈس میں شامل کیا گیا

تلنگانہ : جامع سروے کو لمکا بُک آف ریکارڈس میں شامل کیا گیا



تلنگانہ حکومت کی طرف سے انیس اگست دو ہزار چودہ کو کئے گئے جامع سروے کو لمکا بُک آف ریکارڈس میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں لمکا بُک آف ریکارڈس کے ایڈیٹر وجئے گھوش نے تلنگانہ حکومت کو اس سلسلہ میں صداقتنامہ روانہ کیاہے۔ اپنے پیام میں وجئے گھوش نے بتایا کہ تلنگانہ پہلی ریاست ہے جس کے چار لاکھ سے زائد ملازمین نے ایک کروڑ نو لاکھ خاندانوں کا سروے کرتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کو مبارکباد دی ہے ۔ وجئے گھوش کا کہنا تھا کہ تلنگانہ حکومت کا یہ سروے عوامی فلاحی اسکیموں کیلئے بھی معاون ثابت ہورہا ہے ۔
وجئے سائی ریڈی راجیہ سبھا انتخابات کیلئے امیدوار

وجئے سائی ریڈی راجیہ سبھا انتخابات کیلئے امیدوار



وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے راجیہ سبھا انتخابات کیلئے وجئے سائی ریڈی کو اپنا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج پارٹی سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی قیادت میں پارٹی ارکان مقننہ کا اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد جگن نے وجئے سائی ریڈی کو پارٹی امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔ وجئے سائی ریڈی نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔
کے ٹی آر کی امریکہ میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کا سلسلہ جاری

کے ٹی آر کی امریکہ میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کا سلسلہ جاری



ریاستی وزیر کے ٹی آر کی امریکہ میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔ کے ٹی ار نے تیسرے دن آئیوا کے گورنر اور مقامی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی۔ شعبہ زراعت سے متعلق امور پر کے ٹی آر نے آئیوا کے گورنر سے تبادلہ خیال کیا۔ ریاست میں جدید زرعی ٹکنالوجی کی فراہمی سے امریکی حکام نے اتفاق کیا۔ بعد میں کے ٹی آر نے راونڈ ٹیبل کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ ریاستی وزیر نے انشورنس شعبہ کے ماہرین سے بھی ملاقات کی ۔
تلنگانہ ایمسٹ کے نتائج: مجموعی نتیجہ ستیتر اعشاریہ آٹھ آٹھ فیصد

تلنگانہ ایمسٹ کے نتائج: مجموعی نتیجہ ستیتر اعشاریہ آٹھ آٹھ فیصد



تلنگانہ ایمسٹ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے کہ اس سال مجموعی نتیجہ ستیتر اعشاریہ آٹھ آٹھ فیصد رہا ۔ نائب وزیر اعلی و وزیر تعلیم کے سری ہری نے سکریٹریٹ میں ان نتائج کو جاری کیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے بتایا کہ طلبہ اپنے رینک کارڈ چھ جون سے ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ انجینئرنگ ‘ اگریکلچر ‘ ہارٹیکلچر ‘ بی یو ایم ایس ‘ فارما ڈی جیسے کورسس میں داخلوں کے اہل ہوں گے ۔ کڈیم سری ہری نے بتایا کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کیلئے نو جولائی کو امتحان ہوگا ۔ اس امتحان میں دو لاکھ چھیالیس ہزار پانچ سو چالیس طلبہ نے شرکت کیلئے رجسٹریشن کیا تھا جس میں نوے اعشاریہ تینتیس فیصد طلبہ نے حصہ لیا تھا ۔ کڈیم سری ہری نے بتایا کہ اٹھائیس مئی تا چار جون اپنے پرچوں کی دوبارہ جانچ کیلئے جے این ٹی یو سے رجوع ہوں سکتے ہیں۔ انجینئرنگ کے زمرہ میں پہلا رینک ایک سو ساٹھ نشانات حاصل کرتے ہوئے سائی تیجا نے حاصل کیا ۔ دوسرا مقام ایک سو انساٹھ نشانات کے ساتھ چیتن سائی ‘ ایک سو اٹھاون کے ساتھ نکھل سامراٹ ‘ چوتھا مقام وگنیش ریڈی ‘ پانچواں مقام راہل ‘ چھٹواں وینکٹ سائی گنیش ‘ ساتواں تنمے ‘ نواں گوتم اور دسواں جئے کرشنا ونئے نے حاصل کیا ۔ اگریکلچر میں پہلا مقام ایک سو ساٹھ نشانات کے ساتھ پرادیپ ریڈی نے حاصل کیا ۔ اگریکلچر میں احمد جلیل کو چھٹواں مقام حاصل ہوا ۔ وزیرتعلیم نے بتایا کہ یکم اگست سے تعلیم کا آغاز ہوگا ۔ کونسلنگ سے متعلق وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ خانگی کالجس کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں اور تحقیقات کے مکمل ہونے کے بعد کونسلنگ کا آغاز عمل میں آئے گا۔ نتائج میں حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے چار طلباء نے پہلے چار رینک حاصل کئے جبکہ پانچ سے لے کر دس تک گنٹور‘ وشاکھاپٹنم اور وجئے نگرم کے طلباء کو رینک حاصل ہوا ۔ کے سری ہری نے بتایا کہ مسابقتی امتحانات میں علاقہ کی اہمیت نہیں ہوتی ہے لیکن آئندہ سال تلنگانہ کے نتائج کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔
جموں و کشمیر : علحدہ پسند تنظیموں کی طرف سے کی گئی اپیل پر آج بند

جموں و کشمیر : علحدہ پسند تنظیموں کی طرف سے کی گئی اپیل پر آج بند



جموں و کشمیر کے سری نگر میں علحدہ پسند تنظیموں کی طرف سے کی گئی اپیل پر آج بند منایا جارہا ہے ۔ شہر میں کاروباری اور دیگر ادارے بند دیکھے گئے ۔ علحدگی پسند تنظیموں نے کشمیر پنڈتوں کیلئے کالونیز کے قیام کے مجوزہ منصوبہ کے خلاف بند کا اعلان کیا ہے ۔ حساس مقامات پر پولیس کو تعینات دیکھا گیا ہے۔
ممبئی کے دومبی ویلی علاقہ میں کمیکل فیکٹری میں دھماکہ' تین افراد ہلاک

ممبئی کے دومبی ویلی علاقہ میں کمیکل فیکٹری میں دھماکہ' تین افراد ہلاک



ممبئی کے دومبی ویلی علاقہ میں کمیکل فیکٹری میں دھماکہ کے بعد آگ لگنے کے واقعہ میں تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ فیکٹری کے بوائلر میں پہلے دھماکہ ہوا اور اس کے بعد آگ لگ گئی ۔ آگ نے کچھ ہی منٹوں میں فیکٹری کے کئی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی آٹھ فائر انجنس نے مقام واقعہ پہونچ کر آگ پر قابو پایا ۔ وزیراعلی دیویندر فڈنویس نے اس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے اور امدادی سرگرمیوں بالخصوص زخمیوں کے علاج پر توجہ دینے کی ہدایت دی ہے ۔ اس واقعہ سے آس پاس کے علاقہ میں سنسنی دیکھی گئی۔
جیتن رام مانجھی کے قافلہ پر گایا ضلع کے دوماریہ میں حملہ

جیتن رام مانجھی کے قافلہ پر گایا ضلع کے دوماریہ میں حملہ



بہار کے سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی کے قافلہ پر گایا ضلع کے دوماریہ میں حملہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق برہم مظاہرین نے جیتن رام مانجھی کے قافلہ پر سنگباری کی اور ان کے قافلہ میں شامل ایک گاڑی کو آگ لگادی ۔ پولیس کی دو بائیکس کو بھی آگ لگائے جانے کی اطلاع ملی ہے ۔ تاہم سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی محفوظ ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ علاقہ میں ایل جے پی کے لیڈر سدیش پاسوان اور سنیل پاسوان کی ہلاکت کے واقعہ سے کشیدگی پائی جاتی ہے ۔ جیتن رام مانجھی پنچایت انتخابات کی مہم کے دوران ہلاک ہوئے پاسوان خاندان سے اظہار تعزیت کیلئے جارہے تھے ۔ علاقہ میں حالات اب بھی کشیدہ بتائے گئے ہیں۔
نریندر مودی نے سیر اور تفریح کے علاوہ خارجہ پالیسی کیلئے کچھ نہیں کیا

نریندر مودی نے سیر اور تفریح کے علاوہ خارجہ پالیسی کیلئے کچھ نہیں کیا



کانگریس لیڈر منیش تیواری نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے سیر اور تفریح کے علاوہ خارجہ پالیسی کیلئے کچھ نہیں کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے منیش تیواری نے کہا کہ وزیر اعظم نے اچھے دن کا وعدہ کیا تھا ۔ سب کا ساتھ سب کا وکاس وعدہ کیا تھا اور دو سال کے بعد وزیر اعظم کو بتانا چاہئے کہ ملک کے عوام کی زندگی میں تبدیلی لانے کیلئے مودی حکومت نے آخر کیا کیا ہے ۔
مودی حکومت کی دو سالہ کارکردگی بالکل فلاپ

مودی حکومت کی دو سالہ کارکردگی بالکل فلاپ



کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت نے اپنے دو سالہ دور اقتدار میں سماجی کشیدگی ‘ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ اور وزرا کی طرف سے اشتعال انگیز بیانات ‘ لوگوں کی غذا ‘ یونیورسٹیز پر حملے ‘ اقلیتوں میں خوف پیدا کرنے کے سوائے کچھ نہیں کیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریسی قائدین غلام نبی آزاد ‘ ملیکارجن کھرگے ‘ کپل سبل اور رندیپ سرجے والا نے مودی حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو بالکل فلاپ قرار دیا ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ اب گورنرس بھی اشتعال انگیز بیانات پر اتر آئے ہیں ۔ مودی حکومت میں دستور کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں ۔ منتخبہ ریاستی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ ملیکارجن کھرگے نے کہا کہ دو سال پہلے جو وعدے کئے گئے تھے اس میں سے ایک کو بھی پورا نہیں کیا گیا ہے ۔
رام مندر اسی مقام پر تعمیر ہونا چاہئے جہاں پر رام لالا بیٹھیں ہیں

رام مندر اسی مقام پر تعمیر ہونا چاہئے جہاں پر رام لالا بیٹھیں ہیں


مرکزی وزیر اوما بھارتی نے کہا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر اسی مقام پر تعمیر ہونا چاہئے جہاں پر رام لالا بیٹھیں ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اوما بھارتی نے کہا کہ وشوا ہندو پریشد کا موقف شروع سے ہی ایودھیا میں مندر کی تعمیر رہا ہے ۔ اوروہ بھی یہی چاہتی ہیں کہ مندر کی تعمیر اسی مقام پر ہونی چاہئے ۔
ہندو نوجوانوں کو ہتھیاروں کی تربیت دینے والا بجرنگ دل لیڈر کو چودہ دن کی عدالتی تحویل

ہندو نوجوانوں کو ہتھیاروں کی تربیت دینے والا بجرنگ دل لیڈر کو چودہ دن کی عدالتی تحویل



ایودھیا میں ہندو نوجوانوں کو ہتھیاروں کی تربیت کے پروگرام کا اہتمام کرنے والے بجرنگ دل کے مقامی چیف مہیش مشرا کو گزشتہ شام گرفتار کرلیا گیا ۔ آج مہیش مشرا کو غیر معمولی سکیوریٹی انتظامات کے دوران عدالت میں پیش کیا گیا اور اسے چودہ دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ مہیش مشرا ایودھیا اور فیض آباد بجرنگ دل یونٹ کا کنوینر ہے ۔ مشرا پر فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے تحت دفعہ ایک سو ترپن اے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ عدالت میں بجرنگ دل کے کارکنوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی جو نعرے بازی کررہے تھے ۔ بجرنگ دل کے کارکنوں نے اترپردیش حکومت کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور کہا کہ سیاسی سازش اور دباؤ کی وجہ سے مہیش مشرا کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔

Wednesday, 25 May 2016

Tuesday, 24 May 2016

ماموں کی بیٹی کو دھمکاکر عصمت ریزی کرنے اوراُسے بلیک میل کرنے والا شخص گرفتار

ماموں کی بیٹی کو دھمکاکر عصمت ریزی کرنے اوراُسے بلیک میل کرنے والا شخص گرفتار




جائیداد حاصل کرنے کیلئے ماموں کی بیٹی کو دھمکاکر عصمت ریزی کرنے اوراُسے بلیک میل کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتارکرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اجئے کمار نامی شخص نے کوکٹ پلی کے پرگتی نگرمیں مقیم اپنے ماموں کی بیٹی کے نام پر امراوتی میں واقع اراضی کو ہڑپنا چاہتاتھا اوروہ مسلسل اُسے ہراساں کررہاتھا ۔متاثرہ لڑکی کو دھمکاکر اجئے نے نہ صرف اس کی برہنہ حالت میں تصویریں لیں بلکہ اس کی عصمت ریزی بھی کی۔ شکایت ملنے پر پولیس نے اجئے کمار کو گرفتارکرلیا ہے اورنربھئے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
بوگس کالجس کو ہرحال میں ختم کیاجائے گا

بوگس کالجس کو ہرحال میں ختم کیاجائے گا




وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ نے وضاحت کی ہیکہ خانگی کالجس کو بندکرنا حکومت کا مقصد نہیں ہے لیکن بوگس کالجس کو ضرور ختم کیاجائے گا۔ خانگی کالج انتظامیہ کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ تلنگانہ میں معیاری اورعصری تعلیم کی فراہمی کیلئے خانگی کالجس کا تعاون ضروری ہے لیکن طلبہ کے بغیر کالجس چلانا مناسب نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتباہ دیاکہ ایک بھی بوگس کالج کوبخشا نہیں جائے گا ۔حکومت اچھے کالجس کو ترغیبات بھی دے گی۔ انہوں نے کہاکہ کالجس کی تحقیقات کے دوران جونقائص سامنے آئیں گے اُسے سدھارنے کیلئے مہلت دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں تعلیمی معیارکوبہتربنانا حکومت کامقصد ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ طلبہ کوروزگار کی فراہمی سے متعلق مواد بھی شامل کیاجاناچاہئے۔ یکساں تعلیم کے طریقہ کار سے بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔
تلنگانہ میں ایک بار پھر گرمی کی لہر میں اضافہ

تلنگانہ میں ایک بار پھر گرمی کی لہر میں اضافہ



تلنگانہ میں ایک بار پھر گرمی کی لہر میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق موسم گرما کے آغاز سے اب تک ریاست میں تین سو پندرہ افراد کی موت ہوئی ہے ۔ حالیہ چند دنوں میں بارش کی وجہ سے عوام کو کسی قدر راحت ملی تھی لیکن ایک بار پھر اب گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے ۔ راما گنڈم میں درجہ حرارت چھیالیس ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ حیدرآباد میں درجہ حرارت چالیس کے آس پاس دیکھا گیا ہے ۔ دوپہر کے اوقات میں گرمی کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک بھی کم دیکھی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آنے والے اڑتالیس گھنٹوں میں گرمی کی لہر اسی طرح سے برقرار رہے گی ۔
 تلنگانہ میں بیرونی کمپنیاں کریں گیں پندرہ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری

تلنگانہ میں بیرونی کمپنیاں کریں گیں پندرہ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری



ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے اپنے امریکہ دورہ کے دوران شکاگو میں مختلف صنعت کاروں اور دیگر اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق کے ٹی آر نے ڈیجیٹل ہیلت کیر کمپنی اور اے کلاس ہیلت سولیوشن کے ساتھ معاہدہ بھی کیا ہے ۔ پندرہ ملین ڈالر کی یہ کمپنیاں سرمایہ کاری کریں گی ۔ کے ٹی آر نے شکاگو میں ریاست کے تارکین وطن سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد تیزی کے ساتھ تمام شعبہ جات میں آگے بڑھ رہا ہے ۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ مزید کمپنیاں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے آگے آئیں گی ۔
تلنگانہ ایمسٹ کے نتائج چھبیس مئی کو جاری

تلنگانہ ایمسٹ کے نتائج چھبیس مئی کو جاری



تلنگانہ ایمسٹ کے نتائج چھبیس مئی کو جاری کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق سکریٹریٹ میں صبح گیارہ بجے نائب وزیر اعلی و وزیر تعلیم کے سری ہری یہ نتائج جاری کریں گے ۔ واضح رہے کہ جاریہ ماہ کی پندرہ تاریخ کو ایمسٹ کے تحت انجینئرنگ زمرہ میں بیانوے اعشاریہ تین چار فیصد ‘ اگریکلچر اور میڈیکل شعبہ میں اٹھیاسی اعشاریہ دو صفر فیصد طلبہ نے شرکت کی تھی ۔ مختلف ویب سائٹ پر طلبہ نتائج کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔
گجرات : محکمہ جنگلات نے تیرہ شیروں کو پکڑ کر پنجرے میں بند کردیا

گجرات : محکمہ جنگلات نے تیرہ شیروں کو پکڑ کر پنجرے میں بند کردیا



گجرات کے محکمہ جنگلات نے شیروں کے حملہ میں ایک نوجوان کے بشمول تین افراد کی ہلاکت کے بعد تقریباً تیرہ شیروں کو پکڑ کر پنجرے میں بند کردیا ہے ۔ گجرات جنگلات کے عہدیدار نے بتایا کہ ریاست کے مشرقی حصہ سے پکڑا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جن شیروں نے مقامی عوام پر حملہ کیا ہے ان کی جانچ کی جائے گی اور ایسے شیروں کو زو منتقل کیا جائے گا جبکہ دوسرے شیروں کو جنگل میں چھوڑ دیا جائے گا ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ شیروں کے فضلہ کا معائنہ کرکے پتہ چلایا جائے گا کہ کس نے انسانوں پر حملہ کیا تھا ۔ بتایا گیا ہے کہ اپریل میں شیروں نے کھیت میں سوتی ہوئی ایک پچاس سالہ خاتون کی جان لی تھی اور ایک ساٹھ سالہ شخص پر بھی حملہ کیاتھا ۔ گجرات کے جنگلاتوں میں پانچ سو سے زیادہ شیر بتائے گئے ہیں ۔
سو سے زائد خواتین کا جنسی استحصال ' رام شنکر تیواری عرف پرمانند بابا گرفتار

سو سے زائد خواتین کا جنسی استحصال ' رام شنکر تیواری عرف پرمانند بابا گرفتار




اترپردیش کے بارہ بنکی میں سوامی پرمانند بابا کو سو سے زائد خواتین کا جنسی استحصال کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ رام شنکر تیواری عرف پرمانند بابا کو چتراکوٹ سے گزشتہ روز گرفتار کیا گیا ۔ اس کے ہمراہ اس کا شخصی اسسٹنٹ اروند پاٹھک بھی تحویل میں لیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پرمانند بابا لاولد خواتین کو اولاد ہونے کا جھانسہ دے کر ان کا جنسی استحصال کرتا تھا ۔ اس سلسلہ میں شکایت ملنے پر بارہ بنکی کی پولیس نے سوامی پرمانند کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈبر روٹی کے استعمال کو لے کر نئے انکشافات

ڈبر روٹی کے استعمال کو لے کر نئے انکشافات




عام زندگی میں روزمرہ استعمال ہونے والی بریڈ یعنی ڈبر روٹی کے استعمال کو لے کر نئے انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ سی ایس ای نامی ادارہ نے اپنی تحقیق میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ڈبرروٹی میں پوٹاشیم برومیٹ اور پوٹاشیم آیوڈیٹ کے اجزا پائے جاتے ہیں۔ تاہم کہا گیا ہے کہ ان کیمیکلس کے استعمال پر کئی ممالک میں پابندی ہیں لیکن ہندوستان میں اس پر پابندی نہیں ہے ۔ سی ایس ای ادارہ کی فوڈ سیفٹی سے متعلق ماہر اننیا تیواری نے بتایا ہے کہ پیک کئے گئے غذائی اجناس میں اس طرح کا خطرہ پایا جاتا ہے ۔ انہو ں نے بتایا کہ کسی معائنے کے تحت اڑتیس اشیا کے نمونے طلب کرتے ہوئے ان کی جانچ کی گئی اور چوریاسی فیصد اجزا میں ان کا معائنہ مثبت رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت اور عوام کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ جو دو کیمیکلس استعمال کئے جارہے ہیں یہ نقصاندہ ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان دو کیمیکلس کی موجودگی سے انسان کو کینسر کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔
حکومت نے نہ صرف ہندوستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوایا : مختار عباس نقوی

حکومت نے نہ صرف ہندوستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوایا : مختار عباس نقوی


بی جے پی کے لیڈر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ دو سال کے دوران نریندر مودی حکومت نے نہ صرف ہندوستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوایا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ جو لوگ بدعنوانیوں کے گھنگروں پہن کر رقص کررہے ہیں انہیں مودی حکومت کی کارکردگی نظر نہیں آئے گی ۔ نقوی نے کہا کہ ایسی جماعتوں کو صرف بدعنوانیاں اور اسکامس ہی نظر آتے ہیں لیکن انہیں مودی حکومت کی کارکردگی نظر نہیں آتا ۔
کشمیر : یومیہ مزدوروں کا  احتجاج

کشمیر : یومیہ مزدوروں کا احتجاج



کشمیر کے سری نگر میں یومیہ مزدوروں نے اپنے مطالبات کی یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ یومیہ مزدوروں کی طرف سے آج ریالی نکالی گئی تھی لیکن اچانک آگے بڑھنے کے دوران جب پولیس نے انہیں روک دیا تو مظاہرین کے ساتھ ان کی بحث و تکرار ہوگئی اور پولیس کو بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کرنا پڑا ۔ پولیس نے کئی احتجاجیوں کو بھی گرفتار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔
راجیہ سبھا کے انتخابات کیلئے آج اعلامیہ جاری

راجیہ سبھا کے انتخابات کیلئے آج اعلامیہ جاری



راجیہ سبھا کے انتخابات کیلئے آج اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ آج سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا عمل شروع ہوگیا ہے جو کہ اکتیس مئی تک جاری رہے گا ۔ یکم جون کو پرچوں کی جانچ ہوگی ۔ تین جون پرچہ نامزدگی واپس لی جاسکتی ہیں۔ گیارہ جون کو صبح نو بجے سے دوپہر چار بجے تک ووٹنگ ہوگی اور اسی روز شام پانچ بجے نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ تلنگانہ سے دو نشستیں خالی ہورہی ہیں۔ جن میں کانگریس کے وی ہنمنت راؤ اور ٹی آر ایس کی سدھا رانی شامل ہیں۔ ملک بھر میں راجیہ سبھا کی ستاون نشستوں پر انتخابات ہونے والے ہیں۔
مودی ایران کے دو روزہ دورہ کے بعد دہلی واپس

مودی ایران کے دو روزہ دورہ کے بعد دہلی واپس



وزیر اعظم نریندر مودی ایران کے دو روزہ دورہ کے بعد دہلی واپس ہوگئے ہیں۔ اپنے ایران دورہ کے دوران وزیر اعظم نے ایرانی حکومت کے ساتھ کئی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ نریندر مودی نے افغانستان کے صدر سے بھی ملاقات کی تھی ۔ دونوں ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ پر بھی وزیر اعظم مودی نے تبادلہ خیال کیا ۔
ورنگل کو اسمارٹ شہروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا

ورنگل کو اسمارٹ شہروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا



تلنگانہ کے ورنگل کو اسمارٹ سٹی کے زمرہ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے آج دہلی میں اسمارٹ سٹی کے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے والے تیرہ شہروں کے ناموں کا اعلان کیا ۔ ورنگل کے خلاف لکھنو ‘ دھرمشالہ ‘ چندی گڑھ ‘ رائے پور ‘ نیو ٹاون کولکتہ ‘ بھاگل پور ‘ پاناجی ‘ پورٹ بلیر ‘ امپھال ‘ رانچی ‘ اگرتلہ اور فرید آباد شامل ہیں ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کافی سخت مقابلہ میں ان شہروں نے کامیابی حاصل کی ہے اور ان شہروں کے وسائل اور یہاں کی ترقی کو دیکھتے ہوئے ان کا انتخاب کیا گیا ہے ۔
صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے نیٹ سے متعلق آرڈیننس کو دی منظوری

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے نیٹ سے متعلق آرڈیننس کو دی منظوری




ا صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے نیٹ سے متعلق حکومت کے آرڈیننس پر دستخط کردیئے ۔ نیٹ جاریہ سال سے آرڈیننس ریاستی تعلیمی بورڈس کو استثنیٰ دے گا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو کابینہ نے آرڈیننس جاری کیا تھا جس سے لاکھوں کو راحت ملے گی ۔
مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے تصدیق کی ہے کہ صدر جمہوریہ نے نیٹ سے متعلق حکومت کے آرڈیننس کو منظوری دے دی ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے پی نڈا نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کو جاریہ تعلیمی سال استثنی دیا گیا ہے لیکن اس بات کو ذہن میں رکھنا ہوگا کہ نیٹ پر عمل شروع ہوچکا ہے اور یکم مئی کو اس کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا ہے اور چوبیس جولائی کو اس کا دوسرا مرحلہ منعقد ہوگا ۔ وزیر صحت نے یہ بھی بتایا کہ پوسٹ گریجویشن میڈیسن کیلئے نیٹ کے تحت امتحان منعقد ہوں گے ۔ ریاستی حکومتوں کو انڈر گریجویٹ میڈیسن کیلئے اپنے امتحانات منعقد کرنے کا موقع حاصل رہے گا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام خانگی میڈیکل کالجس آئندہ تعلیمی سال سے نیٹ کے تحت ہی آئیں گے ۔


Monday, 23 May 2016

بینک چیک کے ذریعہ جھانسہ دینے والی ایک ٹولی کے پانچ افراد گرفتار

بینک چیک کے ذریعہ جھانسہ دینے والی ایک ٹولی کے پانچ افراد گرفتار





صنعت نگرپولیس نے بینک چیک کے ذریعہ جھانسہ دینے والی ایک ٹولی کے پانچ افراد کو گرفتارکرلیا ہے۔ ڈی سی پی بال نگرزون ڈاکٹروائی سائی شیکھر نے میڈیا کوبتایاکہ پولیس نے ایک شکایت پر کاروائی کرکے شیخ عبدالکریم ‘ ھتلیش گور ‘ محمد نذیر خان ‘متلیش راج یادو اور محمد آصف کو گرفتارکرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانچوں مختلف تاجروں سے خریداری کرتے اورجب مال ان کے پاس پہنچتا تویہ لوگ چیک کے ذریعہ بل ادا کردیتے تھے۔ ایک واقعہ میں یہ لوگ اپنے آپ کو کارپینٹر بتاتے ہوئے پلائی ووڈ کے سوشیٹس کا آرڈر دیا اور جب شیڈس ان کے بتائے ہوئے مقام درگا کالونی چمپا پیٹ پہنچ گئے تو ان لوگوں نے شیڈ اتارکر چیک کے ذریعہ بل ادا کردیا۔ جوباؤنس ہوگیا۔ پولیس کی تحقیقات پر اس بات کا پتہ چلا کہ یہ لوگ چیک کے ذریعہ مال خرید کردھوکہ دہی کرنے کے کئی واقعات میں ملوث ہے۔ اس ٹولی کاایک رکن محمد آصف
خریف موسم کیلئے کلکٹرس کو تیار رہنے کی ہدایت

خریف موسم کیلئے کلکٹرس کو تیار رہنے کی ہدایت





وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ نے آنے والے خریف موسم کیلئے کلکٹرس کو تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ایم سی ایچ آر ڈی میں کلکٹر کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ موسم ابھی بدلا نہیں ہے عوام کو پینے کے پانی کی سربراہی کے علاوہ دیگرتمام ضروریات کی سربراہی کویقینی بنایاجائے۔ وزیراعلیٰ نے کلکٹرس کو یہ بھی ہدایت دی کہ ریاست میں منظورہ اراضیات کے تنازعات پر توجہ دی جائے گی اور ریکارڈس کو درست کیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جو منظورہ اراضیات کسی کے قبضے میں نہیں انہیں تحویل میں لیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے تلنگانہ یوم تاسیس کے سلسلے میں بھی عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔جہد کاروں کے افرادخاندان کے فرد کو ملازمتوں کی فراہمی اور تقاریب کے انعقاد کے سلسلے میں ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر ریاستی وزرا اور تلنگانہ کے دس اضلاع کے کلکٹرس بھی موجود تھے۔
اقلیتی اقامتی اداروں میں آن لائن داخلوں کی تاریخ میں اٹھائیس مئی تک توسیع

اقلیتی اقامتی اداروں میں آن لائن داخلوں کی تاریخ میں اٹھائیس مئی تک توسیع



اقلیتی اقامتی تعلیمی اداروں میں آن لائن داخلوں کی تاریخ میں اٹھائیس مئی تک توسیع کی گئی ہے۔ محکمہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ایم ڈی بی شفیع اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ اب تک ستائیس ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اوران تعلیمی اداروں میں داخلوں کیلئے حوصلہ افزا رد عمل حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مذکورہ تعلیمی اداروں میں اگردرخواست گذار طلبہ کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو قرعہ کے ذریعہ طلبہ کا انتخاب کیاجائے گا۔ اگر طلبہ کی تعداد نہیں بڑھتی ہے تو راست طورپرداخلے دیئے جائیں گے۔
بنجارہ ہلز روڈ نمبر تیرہ :بجلی کے کھمبے پر ایک بڑا درخت گر پڑا ' تین بچے زخمی

بنجارہ ہلز روڈ نمبر تیرہ :بجلی کے کھمبے پر ایک بڑا درخت گر پڑا ' تین بچے زخمی

بنجارہ ہلز روڈ نمبر تیرہ منسٹرس کوارٹرس کے قریب بجلی کے کھمبے پر ایک بڑا درخت گر پڑا ۔ اس واقعہ میں تین بچے زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ بچے کرکٹ کھیل رہے تھے کہ اچانک درخت گر پڑا ۔ درخت کی شاخیں قریب میں واقع گھر کی چھت پر بھی گر پڑیں جس سے چھت کو نقصان پہونچا ۔ اس گھر میں مقیم ایک نوجوان بھی زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ گزشتہ دو دن قبل شہر میں ہوئی بارش کے سبب یہ درخت کمزور ہوگیا تھا اور آج صبح گر پڑا ۔
 عاشق اور معشوق نے کی خودکشی

عاشق اور معشوق نے کی خودکشی

یادگیر گٹہ میں عاشق اور معشوق نے خودکشی کی کوشش کی ۔ ایک پرائیویٹ لاج میں ان دنوں نے زہر پی کی 
یہ انتہائی اقدام کیا ۔ ان دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ان کی شناخت میدک کے سنگاریڈی کے رہنے والے سریمان اور سیوانی کے طور پر کی گئی ہے ۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ ان کی حالت تشویشناک ہے ۔ خودکشی کی کوشش کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ۔
حیدر آباد : خاتون نے شوہر کا کیا قتل

حیدر آباد : خاتون نے شوہر کا کیا قتل



سعید آباد کے علاقہ چنتل بستی میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کا قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وینکٹیش اور اس کی بیوی سوگنا مزدور کا کام کیا کرتے تھے کچھ عرصہ قبل ایک حادثہ میں وینکٹیش معذور ہوگیا تھا اور گھر چلانے کا بوجھ سوگنا اٹھارہی تھی شوہر کی طرف سے شراب کیلئے رقم دینے اور دیگر مسائل پر دونوں میں اکثر جھگڑے ہواکرتے تھے۔ گذشتہ رات دونوں شوہر اور بیوی نے شراب پی اور پھر بحث و تکرار کے بعد سوگنا نے آہنی سلاخ سے اپنے شوہر وینکٹیش کے سر پر حملہ کردیا جس سے برسرموقع اس کی موت واقع ہوگئی۔ سعیدآباد پولیس نے سوگنا کو تحویل میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔
بی سی سی آئی نے زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کے لیئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان

بی سی سی آئی نے زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کے لیئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان



بی سی سی آئی نے زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کے لیئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا ہے ۔ زمبابوے دورے کیلئے سینئیر کھلاڑی ویراٹ کوہلی‘ پروان شرما اور شکھر دھون کو آرام دیا گیا ہے ۔ ممبئی کے فاسٹ بولر شردل ٹھاکر کو ویسٹ انڈیز دورے کیلئے شامل کیا گیا ہے جبکہ زمبابوے کے دورے کیلئے فیض فیصل کو ٹیم میں رکھا گیا ہے ۔ زمبابوے کی ٹیم اس طرح رہے گی ۔ دھونی کیپٹن ‘ کے ایل راہول ‘ فیض فیصل‘ منیش پانڈے ‘ کرون نائر ‘ امباٹی رائیڈو ‘ رشی دھون ‘ اکشر پٹیل ‘ جئینت یادو ‘ دھاول کلکرنی ‘ جسپریت بمرا ‘ بریندر سرن ‘ مندیپ سنگھ ‘ کیدار جادھو ‘ جئے دیو اور وائی چاہل ۔ ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے چار ٹسٹ میاچس کیلئے کوہلی کپتان ہوں گے۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں مرلی وجئے‘ شکھر دھون‘ کے ایل راہول‘ پوجارا ‘ رہانے ‘ روہت شرما ‘ ردھیمان ساہا‘ اشون ‘ رویندر جڈیجہ ‘ ایشانت شرما ‘ محمد شمیع ‘ بھونیشور کمار ‘ اومیش یادو ‘ شردل ٹھاکر اور اسٹیورٹ بنی ۔
وزیر اعظم کو بیوی لانی ہوں گی اور پھر بھتیجہ بھی لانا ہوگا : اعظم خان

وزیر اعظم کو بیوی لانی ہوں گی اور پھر بھتیجہ بھی لانا ہوگا : اعظم خان



سماج وادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان نے کہا کہ بیٹیوں کو پڑھانے اور انہیں آگے بڑھانے کے دعووں سے کچھ نہیں ہوگا ۔ رام پور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم خان نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو بیوی لانی ہوں گی اور پھر بھتیجہ بھی لانا ہوگا ۔ انہو ں نے ریاست کی اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے رامپور میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے الزامات کو مسترد کردیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ رامپور میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ اپوزیشن کے کسی حلقہ میں نہیں ہوئے ہیں۔
ڈی جی ونزارا کا احمد آباد پہونچنے پر استقبال

ڈی جی ونزارا کا احمد آباد پہونچنے پر استقبال



فرضی انکاونٹرس میں الزامات کا سامنا کررہے گجرات کے سابق آئی پی ایس عہدیدار ڈی جی ونزارا کا احمد آباد پہونچنے پر استقبال کیا گیا ۔ ریالی میں ونزارا کو ایک ریوالور بھی لہراتے ہوئے دیکھا گیا ۔ زعفرانی جھنڈوں پر بائیک سوار جلوس کی شکل میں ونزارا کو ایک تقریب میں لے گئے اور انہیں وہاں پر تہنیت بھی پیش کی گئی ۔ بعد میں ونزارا نے کہا کہ سیاسی سازش کے تحت انہیں نو سال تک جھیل میں رکھا گیا ۔ لیکن جنہوں نے سازش کی تھی ان کی سازشیں ناکام ہوئی ہیں۔ ایک بار پھر انہوں نے کہا کہ جو بھی انکاونٹر ہوئے ہیں وہ پوری طرح سے جائز تھے اور شدت پسندوں کو ہی نشانہ بنایا گیا ہے جو ملک کیلئے غدار تھے ۔
 اترپردیش :  کھیلنے کو لے کر ہوئے جھگڑے کے بعد دلت خاندان پر حملے

اترپردیش : کھیلنے کو لے کر ہوئے جھگڑے کے بعد دلت خاندان پر حملے



اترپردیش کے ہاپور میں کرکٹ کھیلنے کو لے کر ہوئے جھگڑے کے بعد دلت خاندان پر حملے کئے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شرپسندوں کی طرف سے دلتوں کے مکانات پر حملے کئے گئے اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی دیکھی گئی ہے ۔ مقامی دلتوں نے کہا کہ کئی نوجوانوں کو مارا پیٹا گیا ہے اور دھمکیوں کی وجہ سے وہ مکانات چھوڑنے پر جانے پر مجبور ہورہے ہیں۔ کئی دلت علاقہ میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل کئے گئے ہیں۔
گجرات کے ودودرا میں دنیا کی سب سے بڑی قرآن پاک کا نسخہ

گجرات کے ودودرا میں دنیا کی سب سے بڑی قرآن پاک کا نسخہ




گجرات کے شہر ودودرا کی جامع مسجد کے انتظامیہ نے دعوی کیا ہیکہ دنیا میں سب سے بڑی قرآن پاک اس جامع مسجد میں موجود ہے ۔ مسجد کے انتظامیہ نے بتایا ہیکہ اس قرآن پاک کو شب معراج اور شب برأت کے موقع پر ہی عوام کے مشاہدہ کیلئے رکھا جاتا ہے اور اس کی تلاوت کی جاتی ہے ۔ مسجد کے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عراق سے آئے محمد غوث نے یہ قرآن پاک اپنے ہاتھوں سے تحریر کی تھی اور یہ قرآن پاک تقریباً ڈھائی سو سال پرانی ہے ۔ انتظامیہ کا دعوی ہے کہ ودودرا کی جامع مسجد میں موجود یہ قرآن دنیا کی سب سے بڑی قرآن ہے اور اگر کوئی ہندوستان آتا ہے تو یا پھر ہندوستان میں رہتا ہے تو اسے اس قرآن پاک کا مشاہدہ کرنا چاہئے ۔ شب برأت کو جب اس قرآن پاک کو عوامی مشاہدہ کیلئے رکھا گیا تو سینکڑوں کی تعداد میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلم افراد نے بھی اس کا مشاہدہ کیا ۔
جموں و کشمیر : عسکریت پسندوں نے تین جوانوں کو ہلاک کردیا

جموں و کشمیر : عسکریت پسندوں نے تین جوانوں کو ہلاک کردیا


جموں و کشمیر کے سری نگر میں عسکریت پسندوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے تین جوانوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ بتایا گیاہے کہ سری نگر میں واقع زادی بال پولیس اسٹیشن کے پاس مسلح عسکریت پسندوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا ۔ دو پولیس جوانوں کی برسر موقع موت واقع ہوگئی جبکہ ایک دواخانہ میں جانبر نہ ہوسکا ۔ شدت پسند تنظیم حزب المجاہدین نے اس دہشت گرد حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ مہلوک پولیس جوانوں میں اے ایس آئی نذیر احمد اور کانسٹبل بشیر احمد بھی شامل بتائے گئے ہیں۔ مقامی پولیس عہدیدار نے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل پر آئے عسکریت پسندوں نے اچانک پولیس اسٹیشن کے پاس جب انہیں روکنے کی کوشش کی گئی پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی ۔ اس واقعہ کے بعد عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ مذکورہ عسکریت پسندوں کی تلاش کیلئے شدت پیدا کردی گئی ہے اور جگہ جگہ پولیس کی طرف سے ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔
ہندوستانی خلائی تکنیک کی ایک اور کامیابی

ہندوستانی خلائی تکنیک کی ایک اور کامیابی



ہندوستان نے ایسا خلائی شٹل تیار کرنے کی راہ میں ک امیابی حاصل کی ہے جسے دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ہندوستانی خلائی ادارہ اسرو نے آج صبح ستیش دھون اسپیس سنٹر سے ایک خلائی جہاز مدار میں بھیجا ہے اسے بعد میں کامیابی کے ساتھ خلیج بنگال میں اتارا گیا۔ یہ خلائی شٹل صرف ٹکنالوجی کا مظاہرہ کرنے اور اسے آزمانے کیلئے تیار کیا گیا ہے ۔ اسرو کے شٹل کی لمبائی ساڑھے چھ میٹر اور وزن پونے دو ٹن ہے ۔ اسرو کے مطابق مستقبل میں کوشش یہ ہوگی کہ اس خلائی شٹل کو ایک ہوائی جہاز کی طرح زمین پر اتارجائے ۔
جئے للیتا نے ٹاملناڈو کی وزیراعلی کی حیثیت سے لیا حلف

جئے للیتا نے ٹاملناڈو کی وزیراعلی کی حیثیت سے لیا حلف



جیہ للیتا نے آج تاملناڈو کے وزیر اعلی کی حیثیت سے ایک بار پھر حلف لیا ہے ۔ ریاستی گورنر کے روشیا نے جیہ للیتا کے علاوہ ان کی کابینہ کے اٹھائیس وزرا کو گروپ کی شکل میں حلف دلایا ۔ ڈی ایم کے لیڈر اسٹالین بھی حلف برداری کی اس تقریب میں موجود تھے ۔ مدراس یونیورسٹی آڈیٹوریم میں منعقدہ اس تقریب میں جیہ للیتا کے حامیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ واضح رہے کہ ججیہ للیتا نے ایک بار پھر انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی ۔ انہوں نے مسلسل دوسری بار وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا ہے ۔
وزیراعظم نریندر مودی کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

وزیراعظم نریندر مودی کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات


۔ ہندوستان نے ایران کے فری ٹریڈ زون چھابہار میں بلینس ڈالر کے سرمایہ سے صنعتیں قائم کرنے کا معاہدہ کیا ہے ۔ اس سے پہلے وزیر اعظم مودی کا تہران پہونچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا ۔ مودی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ وزیر اعظم کے ساتھ دورہ میں موجود مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بتایا ہے کہ ایک لاکھ کروڑ سے زائد سرمایہ کاری فری ٹریڈ زون میں کی جائے گی ۔ گیس کے امور سے متعلق بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت ہوئی ہے ۔ بعد میں دونوں رہنماؤں نے باہمی امور اور تجارتی فروغ سے متعلق بھی بات چیت کی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ ہندوستان کے ایک سو پچیس کروڑ عوام کی طرف سے ایران کے عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے ہندوستان اور ایران کی دوستی اور تعلقات رہے ہیں اور یہ دونوں ممالک کیلئے باعث فخر ہے ۔